Wednesday, April 24, 2024

پنجاب کو ملک‘ چھوٹے صوبوں کو کالونی بنانے کی سازش ہو رہی ہے : منظور وسان

پنجاب کو ملک‘ چھوٹے صوبوں کو کالونی بنانے کی سازش ہو رہی ہے : منظور وسان
October 13, 2016
کراچی (92نیوز) اسٹیٹ بنک کے کچھ شعبوں کی لاہور ممکنہ منتقلی پر سندھ کے وزیر صنعت منظور حسین وسان برس پڑے۔ کہتے ہیں پنجاب کو ملک بنا کر چھوٹے صوبوں کو اس کی کالونی بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ جب تک وزیرہیں، ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق خوابوں کے بادشاہ منظوروسان کہتے ہیں اسٹیٹ بنک کوکراچی سے منتقل ہونے نہیں دونگا۔ پنجاب کوالگ ملک بنانے کی کوشش ہورہی ہے۔ اسٹیٹ بنک کی منتقلی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ صوبائی وزیرصنعت وتجارت کاکہناہے کہ کہا جا رہا ہے کہ اسٹیٹ بنک کی لاہورمنتقلی سے مزید اچھا کام ہو گا۔ کیا کراچی میں اچھا کام نہیں ہو رہا۔ اسٹیٹ بنک کے چار اہم شعبوں کی لاہور منتقلی کراچی کا صنعتی پہیہ جام کر دے گی۔ ان کاکہناتھاکہ سندھ پہلے ہی احساس محرومی کاشکارہے ایسے اقدامات سے مزیدبے چینی اورمایوسی پھیلے گی جب تک وزیرہوں سندھ کے مفادات کاتحفظ کرونگا۔