Wednesday, April 24, 2024

پنجاب کابینہ کی کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کیلئے صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی کی منظوری

پنجاب کابینہ کی کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کیلئے صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی کی منظوری
March 12, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب کابینہ نے کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لیے صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی کی منظوری دے دی۔ پنجاب کابینہ کا وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ کابینہ کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ ٹیکنیکل کمیٹی نے کرونا وائرس کے حوالے سے اپنی سفارشات اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لیے میڈیکل ایمرجنسی کی منظوری دی گئی۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کرونا کی شدت کو دیکھتے ہوئے اسکول بند، اجتماعات پر پابندی کے فیصلے کریں گے۔ وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری نے بتایا کہ کابینہ نے گندم کی امدادی قیمت بڑھا کر چودہ سو روپے کر دی۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے تین ارب روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا ہم نے فلور کراسنگ نہیں کرائی، قیادت سے محروم لیگی کارکن کہاں جائیں؟ چیف سیکرٹری اعظم سلیمان نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے انتظامی اقدامات سےآگاہ کیا۔ کابینہ نے سیاحت کو محکمہ یوتھ افئیر اور سپورٹس سے الگ کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔