Tuesday, April 23, 2024

پنجاب کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ، لاک ڈاون کے تحت بند سیکٹرز کھولنے پر غور

پنجاب کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ، لاک ڈاون کے تحت بند سیکٹرز کھولنے پر غور
August 4, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا۔ اجلاس وزیر اعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں لاک ڈاون کے تحت بند سیکٹرز کو کھولنے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں انڈسٹریز، ہوٹل، ریسٹورنٹس، میرج ہال اور سینما تھیٹر کھولنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ حتمی منظوری نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سنٹر دے گا۔ جم، ان ڈور سپورٹس، بیوٹی سیلون اور کلینک وغیرہ کھولنے کا فیصلہ بھی این سی او سی کی اجازت سے مشروط ہے۔ مری اور دیگر سیاحتی مقامات کھولنے کا حتمی فیصلہ بھی این سی او سی کرے گی ۔ پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کنسٹرکشن انڈسٹری سے متعلقہ دیگر کاروبار بھی کھول دئیے جائیں گے۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے لئے کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔ پنجاب میں کورونا پازیٹو کیسز کی تعداد 2 سے 3 فیصد تک ہے۔ صوبہ بھر میں کورونا کے خدشے کے پیش نظر 3 ہزار بیڈز بدستور مختص رکھے جائیں گے۔ اسپتال کورونا فری قرار دے کر معمول کی طبی خدمات کے لئے اوپن ہوں گے۔ اسپتالوں میں معمول کی بیماریوں کا علاج، آپریشن اور دیگر سروسز معمول کے مطابق فراہم کی جائیں گی ۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 39 کیس رپورٹ جبکہ 5 مریض جاں بحق ہوئے۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد ، میاں اسلم اقبال ، ہاشم جواں بخت ، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشل ائزڈ ہیلتھ کیئر، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے- وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کو تجاویز بھیجے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شادی ہالز، ریستوران ، کاروباری مراکز، سیاحتی مراکز، سینما، تھیٹرز، کھیلوں کے میدان ، کلب اور پارکس کھولنے کی تجاویز این سی او سی کو بھیجی جارہی ہیں ۔