Thursday, April 18, 2024

پنجاب کابینہ کا صوبے کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنیکا فیصلہ

پنجاب کابینہ کا صوبے کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنیکا فیصلہ
January 25, 2021

لاہور (92 نیوز) پنجاب کابینہ کے بڑے فیصلے، صوبے کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2020 میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے اظہر عباس چانڈیا نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔

پنجاب کابینہ نے صوبہ بھر میں ہر شہری کو ہیلتھ کوریج دینے کا فیصلہ کرلیا۔ پنجاب کی 100فیصد آبادی کودسمبر2021تک ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ متروکہ وقف املاک اور ڈسپلیسڈ پرسنز لازایکٹ 1975ء میں ترامیم کی اصولی منظوری دی گئی۔

لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری بھی دی۔

پنجاب آب پاک اتھارٹی رولز 2020کی اصولی منظوری دی گئی، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2020 میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔

اتھارٹی کو دیئے گئے قرضے کی باقی رقم دیگر مدات میں استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔

عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا نے ملاقات کی اور ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا ان کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے ہیں، عثمان بزدار سے چیئرمین واٹراینڈ انوائرمنٹل جوڈیشل کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی نے بھی ملاقات کی۔