Wednesday, April 24, 2024

پنجاب کابینہ کا اجلاس، پروٹیکشن آف ویمن وکٹمز آگینسٹ وائلینس بل 2015ءمنظور، ای سٹامپ پیپر کے اجراءکا فیصلہ، شادی تقریبات میں ون ڈش بھی ختم کرنے کی تجویز زیرغور

پنجاب کابینہ کا اجلاس، پروٹیکشن آف ویمن وکٹمز آگینسٹ وائلینس بل 2015ءمنظور، ای سٹامپ پیپر کے اجراءکا فیصلہ، شادی تقریبات میں ون ڈش بھی ختم کرنے کی تجویز زیرغور
May 20, 2015
لاہور (92نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تشدد کا شکار خواتین کے تحفظ کیلئے پنجاب پروٹیکشن آف ویمن وکٹمز آگینسٹ وائلینس بل 2015ء، پنجاب میٹرنٹی بینیفٹ آرڈیننس 1958ءکی شق 3میں ترمیم، سٹمپ ایکٹ 1899ءمیں ترمیم، پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں ای سٹمپ پیپر کے اجراءکا فیصلہ کیا گیا، ای سٹمپنگ کا آغاز جولائی 2015ءسے ہوگا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ ای سٹمپنگ کے آغاز سے اربوں روپے کا ریونیو ملے گا، وزیراعلیٰ نے اراضی کی رجسٹریشن کے حوالے سے بھی ای سٹمپنگ کا پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ اجلاس میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کی تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب اہم پیشرفت ہے، پنجاب حکومت نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے ہیں، زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورے کے دوران کابینہ کمیٹی برائے امن امان روزانہ کی بنیاد پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے۔ وزیراعلیٰ نے گندم خریداری مہم میں اچھی کارکردگی پر صوبائی وزیر خوراک سمیت وزرائ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک اور متعلقہ سیکرٹریز کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ شادی بیاہ کی تقریبات کے حوالے سے1998ءکے قانون کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے ون ڈش ختم کر کے سردیوں میں سوپ او رگرمیوں میں ٹھنڈا مشروب پیش کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شادی بیاہ کی تقریبات کے ایکٹ پر پوری طرح عملدرآمد یقینی بنایا جائے، معاشرے میں امیر اور غریب کے درمیان تفاوت کے خاتمے کےلئے ایسے اقدامات انتہائی ضروری ہےں۔