Wednesday, May 8, 2024

پنجاب کابینہ کا اجلاس ، آئی جی پنجاب نے موٹروے کیس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا

پنجاب کابینہ کا اجلاس ، آئی جی پنجاب نے موٹروے کیس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا
September 14, 2020
 لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب انعام غنی نے پنجاب کابینہ کو موٹروے کیس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا پینتیواں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں موٹر وے پر دلخراش واقعہ کی شدید مذمت، متاثرہ خاتون اور اس کے خاندان کو جلد انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اندوہناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کیس پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے،جلد اچھی خبر دیں گے۔ پنجاب کابینہ نے اورنج لائن میٹروٹرین کا کرایہ چالیس روپے مقررکرنے کی منظوری دے دی۔ نئی پبلک ٹرانسپورٹ کی رجسٹریشن کیلئے اختیارات عارضی طور پر موٹروہیکلز ایگزامینیرز کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کورونا کی صورتحال کے تحت محکمہ ہائر ایجوکیشن میں طلباء کی پرموشن /ایگزامینیشن پالیسی 2020 کی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب سیزڈاینڈفریز ڈانسٹی ٹیوشنز(Punjab Seized and Freezed Institutions) (مدارس اینڈ سکولز) ایکٹ 2019 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے صوبے میں یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ کرنے کے اقدام کی منظوری دے دی۔ وفاقی حکومت کی مشاورت سے پہلے مرحلے میں کلاس ون سے کلاس 5 تک یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں کلاس 6 سے کلاس 8 اور تیسرے مرحلے میں کلاس 9 سے کلاس 10 تک یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ ہو گا۔ اڈیالہ روڈ راولپنڈی میں واقع جناح پارک کی مینجمنٹ کی لیز میں توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کابینہ نے توسیع کی منظوری دے دی۔ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ممبرز کی تقرری کی منظوری بھی دیدی گئی۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے 2019 کی منظوری دی گئی۔ پروٹیکشن ایگنسٹ ہراسمنٹ آف ویمن ایٹ ورک پلیس(Harassment of Women At Workplace) ایکٹ 2010 میں ترمیم کی منظوری ، پنجاب ڈرگز ترمیمی بل 2020 کی منظوری ، ملتان کے غلہ گودام کی پرانی عمارت میں جنرل ہسپتال کے قیام کی منظوری ، ہسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ میں بنانے کا جائزہ لینے کی ہدایت ، کمپنیوں اور انتظامی محکموں کی لگژری گاڑیاں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے پول میں بھجوانے کی منظوری  دی گئی اور گاڑیوں کے استعمال یا نیلام کے حوالے سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ پنجاب ایمپلائزسوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوٹ کی گورننگ باڈی کیلئے غیر سرکاری ارکان کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب ورکرز ویلفیئربورڈ کی گورننگ باڈی کی تشکیل کی منظوری ، پنجاب سوشل سیکورٹی ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی ازسرنو تشکیل کی منظوری ، پنجاب اسمبلی کے تیسرے پارلیمانی سال 2020-21 کے سالانہ کیلنڈر کی منظوری ھی دی گئی۔ اجلاس میں کنیئرڈ کالج کی پرنسپل کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ میں ہونے والے فیصلوں کی مشروط توثیق کی گئی۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 34 ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی۔ سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 37 ویں، 38 ویں اور 39 ویں اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور کے 28 ویں اور 29 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔ صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کی اجلاس میں شرکت ہوئی۔