Friday, April 26, 2024

پنجاب کابینہ نے گریڈ ایک سے سولہ تک ملازمتوں پر پابندی ہٹانے کی مشروط اجازت دے دی

پنجاب کابینہ نے گریڈ ایک سے سولہ تک ملازمتوں پر پابندی ہٹانے کی مشروط اجازت دے دی
November 24, 2018
لاہور (92 نیوز) پنجاب کابینہ کے اہم فیصلے سامنے آ گئے۔ گریڈ ایک سے سولہ تک ملازمتوں پر پابندی ہٹانے کی مشروط اجازت دے دی۔ پنجاب کابينہ کے پانچويں اجلاس ميں چوبیس نکاتی ايجنڈے کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان اور وزیراعلیٰ کے ترجمان  شہباز گل نے مشترکہ پريس کانفرنس میں بتايا کہ صنعتی پاليسی کی منظوری سے سالانہ پانچ لاکھ ہنر مند افراد پيدا ہونگے اور بارہ لاکھ کو روزگار ملے گا۔ سترہ اضلاع میں ہیلتھ انشورنس کارڈز کے اجرا سميت محکمہ صحت ميں نئی بھرتیاں ہوں گی۔ وزير اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ بائیس لگژری گاڑيوں کو نيلام کرنے، چھ بلٹ پروف گاڑياں پوليس اور چھ ايس جی اے ڈی کو دينے کا فيصلہ کيا گيا ہے۔ وزرا اور بيوروکريسی کے ليے گاڑيوں کے استعمال  سے متعلق يونيفارم پاليسی مرتب ہو گی۔ پنجاب کابينہ کے اجلاس ميں بھرتیوں پر عائد پابندی ہٹانے، لیبرکالونیز کی الاٹمنٹ کے طریقہ کار، ڈوميسٹک ورکز ايکٹ اور پنجاب آوکوپيشنل اور سیفٹی ايکٹ کی منظوری دی گئی۔