Monday, May 6, 2024

پنجاب کابینہ آج حلف اٹھائے گی ، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس میں ہو گی

پنجاب  کابینہ آج حلف اٹھائے گی ، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس میں ہو گی
August 27, 2018
لاہور (92 نیوز) پنجاب  کابینہ آج حلف اٹھائے گی ۔ حلف برداری کی تقریب شام ساڑھے چار بجے گورنر ہاوس میں ہو گی۔ قائمقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نئی  کابینہ سے حلف لیں گے۔ پنجاب کی کابینہ تیئس ارکان پر مشتمل ہے۔ پنجاب کو کپتان کے بعد ٹیم بھی  مل گئی ۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی  23 رکنی کابینہ کا اعلان کردیا ۔ عبدالعلیم خان پنجاب کے سینئر وزیر مقرر کر دیئے گئے ، میاں اسلم کو انڈسٹریز اینڈ کامرس،ڈاکٹر یاسمین راشد کو پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ،اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی وزارت مل گئی۔ بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس  ہوا جس میں پنجاب کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اہم فیصلے  کئے گئے ۔ وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد پہلے مر حلے میں پنجاب کی 23 رکنی کابینہ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ علیم خان کو پنجاب کا سینئر وزیر بنایا گیا ہے جب کہ انہیں بلدیات اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کا محکمہ بھی سونپا گیا ہے۔ میاں اسلم کو انڈسٹریز اینڈ کامرس  ، راجا بشارت کو قانون  وپارلیمانی آفیئرز  ، راجا راشد حفیظ کو ریونیو  ، ڈاکٹر یاسمین راشد کو پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ،سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکیشن ایجوکیشن  ،  تیمور خان کو یوتھ آفیئر اور سپورٹس  کی وزارت تفویض کی گئی ۔ محسن لغاری کو ایری گیشن  ،  مراد راس کو سکول ایجوکیشن اور انصر مجید نیازی کو لیبر اینڈ مین پاور کا قلمدان مل گیا ہے   ۔  حسنین دریشک  ، ملک نعمان لنگڑیال  ، محمد انور  ، چوہدری ظہیر الدین اور ہاشم ڈوگر کے قلمدان فائنل نہیں ہوئے جبکہ محمد اکرم چوہدری کو وزیر اعلیٰ کا سیاسی مشیر مقرر کیا گیا ہے ۔