Wednesday, April 24, 2024

پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام ، وزیر اعظم اور کابینہ نے مسودے کی منظوری دے دی

پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام ، وزیر اعظم اور کابینہ نے مسودے کی منظوری دے دی
April 10, 2019

 لاہور (92 نیوز) پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کیلئے وزیر اعظم اور کابینہ نے مسودے کی منظوری دے دی۔

 وزیر اعظم عمران خان کی لاہور آمد پر حکمران جماعت کے بڑے فیصلے بھی سامنے آئے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں بلدیاتی نظام پر بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس میں تحصیل اور میونسپل کونسل کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کی تجویز بھی دی گئی۔ تحصیل اور ویلیج کونسل کا نظام قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔  

 اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام میں ضلع کونسل کے نظام کو ختم کرنے کی سفارش کے علاوہ ضلع کونسل کی بجائے تحصیل کونسل کا نظام تجویز کیا گیا ہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=D5nRKaY-7LQ

 شہروں میں میونسپل اور محلہ کونسل جبکہ دیہات میں تحصیل اور ویلیج کونسل کے علاوہ ویلیج کونسل اور محلہ کونسل کے انتخاب غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔  

 اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بلدیاتی نظام کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ مسودہ ایک مضبوط بلدیاتی نظام ثابت ہو گا۔

 وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ اجلاس میں بلدیاتی نظام کا مسودہ پاس ہو گا ، رپورٹس آئیں گی تو پولیس ریفارمز بھی کی جائیں گی۔