Friday, May 10, 2024

پنجاب کا آئندہ مالی سال 2021-22 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

پنجاب کا آئندہ مالی سال 2021-22 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا
June 14, 2021

لاہور (92 نیوز) پنجاب کا آئندہ مالی سال 2021-22 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، رواں سال کی نسبت آئندہ مالی سال کا بجٹ 66 فیصد زائد رکھا گیا ہے۔

چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جوان بخت بجٹ پیش کریں گے۔

بجٹ میں حکومت کے تعاون سے چلنے والے مختلف منصوبوں کیلئے 300 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی دینے کی تجویز ہے۔

نئے مالی سال کے بجٹ میں انفراسٹرکچر ڈویلمپنٹ پروگرام کیلئے ایک لاکھ 45 ہزار 403 ملین روپے مختص کیے جائینگے۔

نئے مالی سال کے بجٹ میں پیداوری شعبے کیلئے 57 ہزار 900 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

آج پیش کیے جانیوالے بجٹ میں سروسز سیکٹرز کیلئے 23 ہزار 375 روپے مختص کیے جائینگے۔

اسی طرح جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے 200 ارب روپے سے زائد فنڈزمختص کیے جانے کی تجویز ہے۔

مجموعی ترقیاتی بجٹ کا 35فیصد حصہ جنوبی پنجاب کے لئے مختص کیا جا رہا ہے جو کسی اور منصوبے کے لئے ٹرانسفر نہیں ہو سکے گا۔

آئندہ مالی سال کیلئے مقامی سطح پر ضلعی ترقیاتی پروگرام کے لئے 100 ارب روپے رکھے جا رہے ہیں۔

صحت کے شعبے میں 16.2 ارب روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے، لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ 1000 بیڈ پر مشتمل نئے اسپتال کی تعمیر شروع ہو گی۔

آئندہ مالی سال کے دوران شہریوں کی ہیلتھ انشورنس کی مد میں 60 ارب روپے خرچ کیے جائینگے، جس کے تحت صوبے کا ہر شہری 8 سے 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس کا حقدار ہو گا۔