Saturday, April 27, 2024

پنجاب پولیس میں شفٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

پنجاب پولیس میں شفٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
January 16, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب پولیس میں شفٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 8 گھنٹے سے زائد ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کو اضافی الاونس بھی فراہم کیا جائے گا۔  فیلڈ میں تعینات پولیس اہلکاروں کو ہر چار گھنٹے بعد کھانا پینا موقع پر فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ شفٹ سسٹم لاگو ہوتے ہی ہر 1 سال کے بعد پولیس اہلکاروں کا ذہنی معائنہ کرایا جائے گا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے پولیس اہلکاروں کی خودکشی کے بڑھتے واقعات کے بعد شفٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب بھر میں پولیس ریفارمز نافذ ہونے کے بعد پولیس اہلکاروں پر کام کا شدید دباؤ ہے جس سے ذاتی زندگی میں بھی مشکلات آرہی ہیں ۔ ڈیوٹی اور ذاتی زندگی کے معاملات کو متوازن رکھنے کے لیئے پولیس اہلکاروں کو شفٹ سسٹم سے فائدہ ہو گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر پنجاب بھر کے تھانوں کے ایس ایچ او، ڈی ایس پی اور سرکل ایس پیز پر شفٹ سسٹم لاگو نہیں ہو گا۔ پولیس دفاتر میں کام کرنے والے پولیس اہلکاروں پر بھی شفٹ سسٹم لاگو نہیں ہو گا۔