Thursday, April 25, 2024

پنجاب میں گیس سے 3600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے : شہباز شریف

پنجاب میں گیس سے 3600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے : شہباز شریف
June 20, 2015
لاہور(92نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے میں گیس سے چھتیس سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے، پنجاب حکومت اپنے وسائل سے بارہ سو جبکہ وفاقی حکومت چوبیس سو میگاواٹ کے منصوبے لگائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جرمنی کے سفیر ڈاکٹرسرل نن کی سربراہی میں توانائی کی معروف بین الاقوامی کمپنی کے صدر و اعلیٰ حکام نے ملاقات کی، ملاقات میں توانائی کے شعبے خصوصاً پنجاب میں گیس پاورپلانٹس کے منصوبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستانہ اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت تینتیس ارب ڈالر کی خطیر رقم توانائی منصوبوں کیلئے رکھی گئی ہے۔ گیس سے توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایاکہ پنجاب میں گیس سے چھتیس سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے گیس سے بارہ سو  میگاواٹ جبکہ وفاقی حکومت چوبیس سو میگاواٹ کے منصوبے لگائے گی ۔ انہو ں نے کہا کہ گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے دو ہزار سترہ تک  پیداوار شروع کر دیں گے۔