Friday, May 17, 2024

پنجاب میں گندم خریداری مکمل ، آٹے کی قیمت کا مسئلہ سر اٹھانے لگا

پنجاب میں گندم خریداری مکمل ، آٹے کی قیمت کا مسئلہ سر اٹھانے لگا
June 20, 2021

لاہور (92 نیوز) پنجاب میں گندم کی خریداری کا سلسلہ بند ہوتے ہی آٹے کی قیمت کا مسئلہ سر اٹھانے لگا۔

ذرائع کے مطابق فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے رواں سال 38 لاکھ ٹن جبکہ پرائیویٹ سیکٹر نے 15 لاکھ ٹن گندم خریدی تاہم آٹے کی قیمت کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب کو مزید 10 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ہے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیدران کا کہنا ہے کہ حکومت نے بروقت گندم امپورٹ نہ کی تو آٹے کی قلت اور قیمت کا مسئلہ درپیش آسکتا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت زیادہ ہے جس وجہ سے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے میں 100 روپے تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹرن اوور ٹیکس بڑھانے سے بھی آٹے کے قیمت میں اضافہ ہو گا۔

ذرائع کے مطابق سندھ اور خیبرپختونخوا میں قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے پنجاب سے گندم اسمگلنگ ہونے  کا بھی خدشہ ہے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیر صغیر کہتے ہیں اگر خیبرپختونخوا کو گندم اسمگل نہ ہوئی تو پنجاب میں آٹے کا مسئلہ نہیں آئے گا اور پنجاب حکومت سبسڈائز آٹے کی فراہمی کے لئے مخصوص دکانوں پر جلد سہولت پوائنٹس شروع کرنے جا رہی ہے۔