Monday, May 13, 2024

پنجاب میں گزشتہ روز پہلی بار کورونا کیسز ایک ہزار سے کم رہے، یاسمین راشد

پنجاب میں گزشتہ روز پہلی بار کورونا کیسز ایک ہزار سے کم رہے، یاسمین راشد
May 23, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کہتی ہیں کہ، پنجاب میں گزشتہ روز پہلی بار کورونا کیسز ایک ہزار سے کم رہے۔

اتوار کے روز صوبائی وزیر پریس کانفرنس میں کہا، اسپتالوں میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد آنے والوں سے زیادہ ہے۔ ہمیں ابھی وبا کےساتھ ہی رہنا ہے، بہت ضروری ہے ہر شخص ماسک پہنے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کا فری علاج ہوتا ہے، ٹیچنگ اسپتالوں میں 447 وینٹی لیٹرز زیراستعمال ہیں، لاہور میں 30 فیصد سے زیادہ بیڈز خالی ہیں۔ کہا کہ راولپنڈی سے مریضوں کی کوئی شکایت نہیں آئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک ہزار ایکٹمرا کے انجکشن منگوائے ہیں، اسپتالوں میں 2 ہزار بیڈز کا اضافہ کیا گیا، مزید کہا کہ کوشش ہے کہ آکسیجن جنریٹرز فراہم کردیں۔ بھارت میں لوگ آکسیجن کے لیے منتیں کررہے ہیں۔

یاسمین راشد نے مزید کہا، عوام سے ایک چیز کی گزارش ہے کہ احتیاط کریں، ہم احتیاط نہیں کریں گے تو مسئلہ بڑھ سکتا ہے۔ کہا کہ ویکسی نیشن پر بہت سے طعنے اور طنز سنے کہ خیرات کی ویکسین ہے۔ پنجاب میں 28 لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگ چکی، مئی کے مہینے میں ایک لاکھ 40 ہزار روزانہ تک ویکسین لگانے کا ہدف لے کر جانا ہے۔

یاسمین راشد نے راولپنڈی اسپورٹس کمپلیکس ویکسی نیشن سنٹر پر سہولیات کا جائزہ لیا۔