Friday, April 19, 2024

پنجاب میں گاڑیوں کی یونیورسل نمبر پلیٹوں کیلئے ہوم ورک تیز

پنجاب میں گاڑیوں کی یونیورسل نمبر پلیٹوں کیلئے ہوم ورک تیز
February 4, 2020
لاہور ( روزنامہ 92 نیوز)   محکمہ ایکسائز کے حکا م نے پنجاب  بھر میں گاڑیوں کی یونیورسل نمبر پلیٹوں کے اجرا کے حوالے سے ہوم ورک تیز کر دیا جبکہ یونیورسل نمبر پلیٹوں کا نمونہ تجزیہ کیلئے لیب کو بھی بھجوادیا گیا تا کہ ان میں کوئی خامی رہے نہ کسی قسم کی دشواری پیش آئے ۔ ذرائع کے مطابق یونیورسل نمبر پلیٹ کا اجرا ہو نے سے شہری محکمہ ایکسائز کے کسی بھی دفتر سے اپنی گاڑی رجسٹرڈ کرا اور اپنی پسند کا نمبر بھی حاصل کر سکیں گے ، تا ہم یونیورسل نمبر پلیٹوں کی قیمت کا تعین فی الحال نہیں کیا گیا ۔ یونیورسل نمبر پلیٹوں کے اجرا کی تاریخ مقرر ہو نے کے بعد اسکی قیمت کا بھی تعین کیا جائیگا اور اسکی منظوری حکومت سے لی جائیگی  ،  مذکورہ نمبر پلیٹیں جاری کرنے سے دوسرے صوبوں کی گاڑیوں پر لگائی جانیوالی نمبر پلیٹ سے گاڑی کی مالی قدر کم ہو نیکا سلسلہ بھی ختم ہو جائیگا اور ہر گاڑی پر یونیورسل نمبر پلیٹ ہو نے سے اسکی قیمت مارکیٹ ریٹ کے مطابق ہی رہے گی ۔ ایکسائز ذرائع کے مطابق یونیورسل نمبر پلیٹ کیساتھ شہری آن لائن گھر بیٹھے اپنی پسند کا نمبر بھی نیلامی کے ذریعے حاصل کر سکیں گے ، انہیں ایکسائز دفاتر نہیں آنا پڑیگا۔