Thursday, March 28, 2024

پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد 928 ہو گئی

پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد 928 ہو گئی
April 3, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب میں کوروناوائرس کے پنجے مزید گہرے  ہو گئے ، صوبے میں کنفرم مریضوں کی تعداد 928 ہوگئی ، ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق مہلک وائرس کی وجہ سے گیارہ اموات اور چھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

مہلک وائرس کورونا پنجاب میں بھی پنجے گاڑنے لگا ہے ، صوبے میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 928 ہو چکی ہے  جبکہ اب تک  11 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔

لاہور میں 5نئے کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین204ہوگئے ، ڈی جی خان میں 213،رائے ونڈ142،ملتان91،جہلم میں 28مریض ہیں ، صوبے میں کورونا سے 11مریض جاں بحق ہوچکے،6صحت یاب ہوئے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پیداہونے والی صورتحال پرپولیس حکام بھی الرٹ ہیں ، ایس پی ڈولفن عائشہ بٹ نے شہر بھر کا ہنگامی دورہ کیا ، انہوں نےپولیس چیک پوسٹ،ناکہ جات و ڈولفن سکواڈ کو چیک کیا۔وزٹ کے دوران شہریوں سے ملاقات اورناکہ جات چیک پوسٹس پر اہلکاروں میں لنچ باکس بھی تقسیم کیے  ۔

ادھر  متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام ملک بھر کے فنکشنل گورودواروں اور مندروں کی اسکریننگ کی گئی،  گوردوارہ شیر ڈیرہ صاحب، کرشنا مندر لاہور سمیت دیگر مقامات کو اندر اور باہر سے جراثیم کش ادویات سے دھویا گیا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور شہراورگردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ کیا،انہوں نے لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا، لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند مارکیٹوں اورکمرشل سینٹرز کا بھی مشاہدہ کیا، وزیراعلیٰ نے پولیس،پاک فوج اوررینجرز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے۔