Saturday, April 27, 2024

پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تصدیق

پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تصدیق
March 18, 2020
 ملتان (92 نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لیبر کمپلیکس ملتان میں قائم قرنطینہ سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب میں کورونا وائرس کے 189 مشتبہ کیسز ہیں ۔ 28 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 46 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ عثمان بزدار نے کہا پنجاب حکومت نے 3 جنوری کو سب سے پہلے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا آغاز کیا۔ محکمہ صحت میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ فوری طور پر کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی جو تواتر کے ساتھ اجلاس کررہی ہے اور اقدامات تجویز کرتی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر صوبہ پنجاب میں فوری طور پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔ آج صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا مری سمیت سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ سیکرٹریٹ اور سرکاری دفاتر میں لوگوں کی آمد ورفت کو محدود کر دیا گیا ہے۔ شاپنگ ہالز اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڈیکل سٹور اور جنرل سٹورز کھلے رہیں گے۔ فیکٹریاں اور منڈیاں بھی کھلی رہیں گی۔ عثمان بزدار بولے پنجاب میں قرنطینہ کی سہولت کو بہتر بنایا جائے گا۔ پنجاب حکومت دیگر صوبوں خصوصاً بلوچستان کی قرنطینہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے معاونت کرے گی۔ بلوچستان کی حکومت کو تفتان میں قرنطینہ سنٹر کے قیام کے حوالے سے مدد دیں گے۔ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے تفتان میں قرنطینہ مرکز قائم کرنے کا جائزہ لے رہی ہے۔ محکمہ صحت کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تقریباً 24 کروڑ روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔ محکمہ صحت کے لئے ایک ارب روپے کے مزید فنڈز بھی مختص کر دئیے ہیں ۔ پنجاب حکومت ضرورت پڑنے پر ایک ہزار بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال بھی بنائے گی۔ ہسپتالوں میں 41 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس قائم کردئیے گئے ہیں ۔ لاہور، راولپنڈی اور مظفر گڑھ میں 3 ہسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ پنجاب میں دفعہ 144عائد کردی گئی ہے ۔ صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔