Friday, March 29, 2024

پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 323 ہو گئی

پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 323 ہو گئی
March 26, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 323 ہو گئی۔ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سنٹر میں 176، ملتان میں 4 مریض ہیں۔ کورونا سے ڈرنا نہیں محتاط رہنا ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک خطرناک موذی مرض کے 21 مریض مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔ حکومت بلوچستان کا کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ بھی سامنے آ گیا۔ کوئٹہ کا ملک اور صوبے کے تمام اضلاع سے رابطہ منقطع کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا ہماری کوشش ہے کوئٹہ سے کوئی باہر جائے اور نہ آئے ۔ زائرین کی بڑی تعداد کے باعث ہزارہ ٹاؤن اور مری آباد کو بھی مکمل سیل کیا جائے گا۔ ادھر پنجاب میں خطرناک وائرس کا ممکنہ پھیلاؤ روکنے کیلئے پنجاب میں لاک ڈاؤن کا آج تیسرا روز ہے۔ صوبے بھر میں تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔ شاہراہوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ فیصل آباد ڈویژن کے تمام شہروں میں مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند ہیں۔ صرف کریانہ اور میڈیکل اسٹورز، ڈیری اور سبزی کی دکانیں کھلی ہیں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی چوتھے روز لاک ڈاون ہے۔ تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز سب بند ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ، انٹرسٹی بسیں اور ٹرین سروس بھی بند ہے۔ پولیس کی جانب سے سڑکوں پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ کورونا کے باعث پاکستان کی افغانستان اور ایران سے منسلک سرحدیں تاحال بند ہیں۔ پاک، ایران تفتان سرحد 32 روز جبکہ پاک افغان سرحد چمن باب دوستی کے مقام پر 25 ویں روز بند ہے۔ دونوں سرحدوں پر آمدورفت سمیت دوطرفہ تجارتی سرگرمیاں معطل ہے ۔