Friday, April 19, 2024

پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری، 58 نئے مریض سامنے آگئے

پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری، 58 نئے مریض سامنے آگئے
November 10, 2019
لاہور (92 نیوز) پنجاب میں ڈینگی وائرس کے حملے جاری ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 58 نئے مریض سامنے آگئے جبکہ کراچی میں مزید 231 افراد میں ڈینگی بخار کی تصدیق کی گئی، رواں سال شہر میں 10 ہزار 747 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب کے تمام اسپتالوں میں ڈینگی کے کل 150 کنفرم مریض زیر علاج ہیں، 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 58 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 48 مریض ڈسچارج ہوئے۔ راولپنڈی میں 31 ، لاہور 14 ، ملتان 4 ، اٹک، گوجرانوالہ، حافظ آباد، جہلم، منڈی بہاوالدین، مظفر گڑھ، ننکانہ صاحب، پاکپتن اور شیخوپورہ میں ایک ، ایک کیس سامنے آیا۔ صوبہ بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے 7 مریض انتہائی نگہداشت میں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں۔ ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کے مطابق پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے 9 نومبر تک ڈینگی سے 16 اموات ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 209655 ان ڈور اور 69341 آئوٹ ڈور مقامات کو چیک کیا جبکہ 462 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ گزشتہ روز صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر 12 کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ 2 افراد کو گرفتار کیا گیا، ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 766 افراد کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ 3 مقامات کو سیل کیا گیا۔ راولپنڈی میں عوام کی سہولت کیلئے موبائل سکریننگ یونٹس میں تمام ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے، راولپنڈی میں اس وقت کل 5 موبائل ہیلتھ یونٹس اور 2 موبائل فلٹر کلینک کام کر رہے ہیں، عوام کو ان کے درواذے پر ڈینگی اور دیگر ٹیسٹ کروانے کی سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے۔