Friday, May 17, 2024

پنجاب میں ڈینگی کے مزید 244 کیس، ایک شہری جاں بحق، خیبرپختونخوا میں 167 نئے مریض

پنجاب میں ڈینگی کے مزید 244 کیس، ایک شہری جاں بحق، خیبرپختونخوا میں 167 نئے مریض
November 8, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں ڈینگی مچھر کے وار جاری ہیں، پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے مزید 244 کیس جبکہ ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی، خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے مزید 167 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

پنجاب بھر میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے مزید 244 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 186 کا تعلق صرف لاہور سے ہے، جہاں ڈینگی بخار کا ایک اور مریض چل بسا۔

پنجاب میں ڈینگی مچھر کے حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 244 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور سے ڈینگی کے 186 نئے مریض رپورٹ سامنے آئے۔ صوبائی دارالحکومت سے مزید ایک مریض چل بسا، صوبے میں وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 69 ہو گئی۔ گزشتہ روز گوجرانولہ سے ڈینگی کے 16، راولپنڈی میں 8، ملتان سے 4، اٹک قصور اور نارووال سے 2،2  مریض رپورٹ ہوئے۔

رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی تعداد 18 ہزار 479 ہو چکی ہے جن میں 13 ہزار 812 صرف لاہور سے ہیں۔ ایک طرف ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں تو دوسری جانب اسپتالوں میں سہولیات کی فقدان ہے۔

لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے لئے ادویات دستیاب نہیں عام مارکیٹ میں بھی پیناڈول نایاب ہو چکی ہے، اسپتالوں میں ایک ایک بیڈ پر دو سے تین تین مریض زیر علاج ہیں، کئی مریضوں کو فرش پر ہی لٹا دیا گیا۔

خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے مزید 167 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 ہزار 257 ہو گئی، محکمہ صحت کے مطابق اب تک ڈینگی سے 9 افراد زندگی کی بازی ہار چکے۔

محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 131 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، ہری پور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ خیبرمیں 11 اور نوشہرہ میں 5 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔