Wednesday, April 24, 2024

پنجاب میں ڈینگی بخار نے مزید 2 افراد کی جان لے لی

پنجاب میں ڈینگی بخار نے مزید 2 افراد کی جان لے لی
September 22, 2019
لاہور (92 نیوز) حکومت سوئی رہی اور ڈینگی عفریت کی شکل اختیار کرگیا، پنجاب میں ڈینگی بخار نے مزید 2 افراد کی جان لے لی۔ ڈینگی مچھر عام شہریوں کی زندگیاں ہی نہیں افسروں کی نوکریاں بھی ہڑپ کرنے لگا، پنجاب حکومت نے ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کو مناسب اقدامات کرنے میں ناکامی پر عہدے سے ہٹادیا۔ ڈینگی کو کنٹرول کرنے میں ناکامی پر ڈپٹی کمشنر لاہور کی عہدے سے چھٹی ہوگئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے صالحہ سعید کو ڈینگی کنٹرول کرنے کیلئے مناسب اقدامات کرنے میں ناکامی پر عہدے سے ہٹایا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اصغر کو ڈپٹی کمشنر لاہور کا اضافی چارج دے گیا، صالحہ سعید کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، صالحہ سعید کو فوری طور پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن پنجاب سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈینگی کی یلغار کے پیش نظر وفاق کے تمام اسپتالوں میں اسٹاف اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور ڈی ایچ او کو اسٹیشن چھوڑنے سے پہلے وزارت ہیلتھ سے اجازت لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔