Wednesday, May 1, 2024

پنجاب میں ڈینگی بخار نے مزید 2 افراد کی جان لے لی

پنجاب میں ڈینگی بخار نے مزید 2 افراد کی جان لے لی
September 21, 2019
 لاہور (92 نیوز) ملک کے مختلف شہر بدستور ڈینگی کے نشانے پر ہیں۔ پنجاب میں ڈینگی بخار نے مزید 2 افراد کی جان لے لی۔ ڈینگی مچھر پر کنٹرول مشکل ہی نہیں ناممکن ہو گیا۔ اسپتال مریضوں سے بھر گئے ۔ جڑواں شہروں میں ڈینگی خوف کی علامت بن گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کو ڈینگی وائرس کے حوالے سے ہائی رسک ایریاز قرار دے دیا گیا۔ پنجاب میں ڈینگی کے وار تیز تر ہو گئے۔ بخار میں مبتلا مزید 2 افراد جانبر نہ ہو سکے۔ چکوال اور اٹک کے اسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی کے دو مریض دم توڑ گئے۔ پنجاب میں قاتل مچھر 8 افراد کی جان لے چکا ہے۔ شہر قائد میں بھی ڈینگی وائرس مزید 2 مریضوں کی زندگیاں نگل گیا۔ 24 سالہ سونیہ اور 22 سالہ اویس زندگی کی بازی ہار گئے۔ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 18 تک جا پہنچی ہے۔ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مزید 242 نئے افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 2286 تک پہنچ گئی۔ سندھ حکومت بھی ڈینگی کے سامنے بے بس ہے۔ صرف کراچی میں رواں ماہ ڈینگی سے 705 افراد متاثر ہوئے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں ڈینگی کے 25 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ بھر میں رواں سال 2 ہزار 232 شہری ڈینگی میں مبتلا ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں  ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے، تعداد 2 ہزار313 ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 169 ڈینگی کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔