Wednesday, April 24, 2024

پنجاب میں ڈسٹرکٹ ثالثی کمیشن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی ، فردوس عاشق اعوان

پنجاب میں ڈسٹرکٹ ثالثی کمیشن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی ، فردوس عاشق اعوان
November 16, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا پنجاب میں ڈسٹرکٹ ثالثی کمیشن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی۔ فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ثالثی کمیشن میں ترمیم کی گئی ہے ۔ 27 ممبر کے کمیشن کا دائراہ کار وسیع کر کے تحصیل کی سطح تک بڑھایا گیا ہے ۔ اوورسیز کی پراپرٹی پر قبضہ کر لیا جاتا ہے ، اب ایک واضح اور موثر پیغام دیا گیا ہے کہ ان کے ہر ایشو پر باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا ۔ انکو فی الفور انصاف فراہم کیے جانے کے لیے کام کریں گے تاکہ وہ آسانی سے سرمایہ کاری کر سکیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستان تحریک انصاف میں اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا کردار ہے ۔ ان کو پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ دیا جاتا ہے ۔ پاکستان کی اکانومی جب بھی مشکل میں آئی اوورسیز پاکستانیوں نے آکسیجن سلنڈر کا کام کیا ۔ وزیر اعظم پاکستان ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا لینڈ رولز 2020 پر تفصیل سے مشاورت ہوئی ہے۔ اس کا مقصد وزیر اعظم کا کنسٹرکشن اور ہاوسنگ کے لیے روڈ میپ ہے اور بہتر کرنے کے لیے ہے ۔ حکومتی زمین کو بہتر استعمال کیا جا سکے گا۔ پاکستان تحریک انصاف نے اس حوالے سے بہت کام کیا ہے ۔ فیصلہ کیا ہے اس کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے ۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیر اعلی پنجاب نے چلڈرن اسپتال لاہور کو یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کی منظوری دے دی ہے ۔ اس سلسلہ مین تین سکول بنائیں جائیں گے جو اس یونیورسٹی کے نیچے کام کریں گے۔ یونیورسٹی کو انٹر نیشنل یونیورسٹیوں سے انٹر لنک کریں گے ۔ گلگت بلتستان کے انتخابات  سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج مسترد کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان کی عوام نے جاتی امرا کے بیانیے کی تدفین کی ہے۔ جہاں سیاست ہوتی ہے وہاں اس طرح کی آہ و بکا تو ہوتی ہے۔ مریم نواز بلاول بھٹو کا کندھا استعمال کرنا چاہتی ہیں۔ ہم جانتے ہیں آپ ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کریں گی ۔ گلگت بلتستان کے عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے،آپ اچھے بچوں کی طرح انتخابی نتائج کو تسلیم کریں۔