Thursday, April 25, 2024

پنجاب میں چودہ روز کیلئے لاک ڈاؤن ، نوٹی فکیشن جاری

پنجاب میں چودہ روز کیلئے لاک ڈاؤن ، نوٹی فکیشن جاری
March 24, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب میں چودہ روز کیلئے لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا۔ شہریوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہو گی ۔ میڈیکل اسٹورز ، اسپتال اور صرف اشیائے خورونوش کی دکانیں اور ملیں کھلیں گی۔ پنجاب کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ شہر کے اندر اور بین الاضلاعی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہو گی۔ شہری اپنی ذاتی گاڑی پر بھی غیر ضروری سفر نہیں کر سکیں گے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہیں چل سکے گی۔ ہر قسم کے مذہبی اور سیاسی اجتماع پر پابندی ہو گی ، چاہے یہ گھر کے اندر ہی کیوں نہ کیے جائیں۔ کورونا کو کنٹرول کرنے سے تعلق نا رکھنے والے سرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے۔ اسپتال ،لیبارٹریاں اور میڈیکل اسٹورز کے عملے کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔ بڑے اسٹور صرف کھانے پینے والی اشیا والے حصے کھولیں گے۔ مچھلی، گوشت ، سبزی اور پھل کی ریڑھیاں اور دودھ دہی کی دکانوں پر بھی پابندی نہیں ہو گی۔ پٹرول پمپس اور آٹو ورکشاپس بھی کھلی رہیں گی۔ بیج، کھاد اور زرعی ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد کو بھی پابندی سے استثنی حاصل ہو گا ۔ سبزی منڈیاں، فروٹ منڈیاں ، مویشی منڈیاں اور غلہ منڈیاں کھلی رہیں گی ۔ مریض کے ساتھ ایک تیمادار کو باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔ معذور شخص کے ساتھ رشتہ دار یا ڈرائیور جا سکتا ہے ۔ اشیا کی خریداری کیلئے ایک شخص باہر نکل سکے گا اور وہ بھی صرف اپنے قریبی علاقے سے اشیا خرید سکے گا ۔ نماز جنازہ اورآخری رسومات میں صرف اور صرف قریبی  رشتہ دار شرکت کریں گے اور جنازے اور تدفین کے بارے میں پہلے ایس  ایچ او کو مطلع کرنا لازمی ہو گا ۔ اشیائے ضروریہ اور میڈیسن کی ایک جگہ سے دوسری جگہ نقل و حمل کیلئے گاڑی کے ڈرائیور کے ساتھ ایک ہیلپر جاسکتا ہے۔ میڈیسن، میڈیکل کے سامان  اور کھانے پینے کی اشیا بنانے والے کارخانے اور انکے ڈسٹربیوشن آفسز بھی کھلے رہیں گے ۔ ڈرائی پورٹس اور کسٹم سروس دینے والی کمپنیوں کے دفاتر پر بھی پابندی نہیں ہو گی ۔ واسا ،میونسپلٹیز ،واپڈا ،بجلی  اور گیس کی ترسیلی کمپنیوں کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔ نجی اور سرکاری ٹیلی کام کمپنیوں اور ان کی فرنچائزڈ کھلی رہیں گی ۔ بنک اپنے کم سے کم عملے کے ساتھ محدود خدمات کے لیے کھلے رہیں گے۔ استثنیٰ کے حامل تمام افراد کو قومی شناختی کارڈ اور سروس کارڈ رکھنا لازمی ہو گا ۔ جو لوگ ان حالات میں کام کر رہے ہیں وہ ایک دوسرے کے درمیان ایک میٹر یا تین فٹ کا فاصلہ رکھیں۔ فلاحی ادارے ، میڈیا پرسن اور ہاکرز کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔