Monday, May 13, 2024

پنجاب میں پولیو وائرس سے ایک بچہ جاں بحق،مجموعی تعداد 4 ہو گئی

پنجاب میں پولیو وائرس سے ایک بچہ جاں بحق،مجموعی تعداد 4 ہو گئی
September 1, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب میں پولیو وائرس سے ایک اور بچہ جاں بحق ہو گیا،جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار ہو گئی  جبکہ متاثرین کی تعداد 14 تک پہنچ گئی۔ادھر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے ناقص کارکردگی والے اضلاع کے سی ای اوز کو وارننگ جاری کر دی۔

پنجاب میں پولیو وائرس کے وار،تین نئے کیسز سامنے آ گئے جبکہ ایک گھر کا چراغ گل کر دیا، ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والا آٹھ ماہ کا بچہ پولیو وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گیا،پولیو پروگرام پنجاب کے مطابق بچے کے دونوں ہاتھ اور پاؤں متاثر ہوئے، جس کے بعد رواں برس پنجاب بھر میں پولیو وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی۔

پولیو پروگرام کے مطابق پولیوٹائپ ون کے نئے کیسز ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور سے رپورٹ ہوئے،بہاولپور میں تیرہ سالہ بچے کی دائیں ٹانگ اس وائرس سے متاثر ہوئی،بچوں کا تعلق متوسط دیہاتی گھرانے سے ہے۔

مظفر گڑھ سے ٹائپ ٹو وائرس کا ایک کیس بھی سامنے آگیا،جس کے بعد صوبہ بھر میں مجموعی تعداد 14ہو گئی،جن میں ٹائپ ون کے آٹھ اور ٹائپ ٹو کے 6 کیسز شامل ہیں ۔

دوسری جانب سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کارکردگی نہ دکھانے والوں کے خلاف برس پڑے،ڈی ڈی ایچ او راوی ٹاؤن کو عہدے سے فارغ کر دیا ۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کہا کہ کسی بھی ضلع میں پولیو کیس آنے پر متعلقہ ٹیم اور ویکسی نیٹر معطل کر کے محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔