Sunday, September 8, 2024

پنجاب میں پولیس کو غیر سیاسی کرنے کا وقت آ گیا : عمران خان

پنجاب میں پولیس کو غیر سیاسی کرنے کا وقت آ گیا : عمران خان
March 28, 2016
لاہور (92نیوز) جناح اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کےلئے سیاسی و سماجی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی مریضوں کی عیادت کی اور گلشن اقبال پارک کو آرمی پبلک سکول کے بعد دوسرا شدید تکلیف دہ واقعہ قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے المناک واقعے کے سب سے زیادہ زخمی جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی عیادت کے لیے دن بھر مختلف شخصیات کی آمد جاری رہی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی پارٹی رہنماوں کے ساتھ پہنچے مگر دھکم پیل کے باعث ناراض ہو کر وارڈ سے باہر آگئے۔ تھوڑی دیر بعد چیئرمین عمران خان دوبارہ وارڈ میں آئے اور زخمیوں کی عیادت کی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب بہت ہو گیا۔ حکومت پورے ملک میں ہر جگہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق آپریشن کرے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کا کام قانون سازی اور پولیس کا کام اس پر عملدرآمد کرانا ہوتا ہے مگر پاکستان میں پولیس کو صرف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا افسوسناک ہے۔