Monday, May 13, 2024

پنجاب میں نئے صوبے کے قیام کا آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش

پنجاب میں نئے صوبے کے قیام کا آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش
April 23, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب میں نئے صوبے کے قیام کا آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔ حکومت نے بھی بل کی حمایت کر دی۔

 پنجاب میں نئے صوبوں کا معاملہ پھرگرم ہو گیا۔ ن لیگ نے بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ ایم کیوایم کی طرف سے سندھ میں صوبہ بنانے کے مطالبے پر پی پی اراکین کا شور شرابہ بھی ہوا۔ ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنے کا بل بھی ایوان میں پیش کر دیا گیا۔

 سپیکر نے دونوں بل قائمہ کمیٹی برائے قانون کو بھجوا دیئے ۔ رانا ثنااللہ نے کہا الیکشن سے قبل سیاسی ایشو کے طور پر صوبہ جنوبی پنجاب کا معاملہ اٹھایا گیا۔ سید نوید قمر کہتے ہیں پنجاب کے تین نہیں دو صوبے بنانے کے حامی ہیں۔

 وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے جنوبی پنجاب صوبہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تخت لاہور کے بعد تخت ملتان کے حوالے نہ کیا جائے۔ بل پنجاب اسمبلی میں بھی لا رہے ہیں۔

 پی ٹی آئی رہنما ملک عامر ڈوگر نے کہا مسلم لیگ ن پنجاب میں نیا صوبہ نہیں بنانا چاہتی صرف سازش کرنا چاہتی ہے۔ ایم کیو ایم کےاقبال محمد علی بولےسندھ میں بھی انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنایا جائے۔  

 ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنے  کے لئے گیارہ ارکان کا مجوزہ بل بھی ایوان میں پیش کیا گیا۔ رکن جماعت اسلامی عبد الاکبر چترالی نے کہا ریاست مدینہ اور سود ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

 وزیر قانون فروغ نسیم نے سود سے پاک معیشت کے بل کی حمایت کردی اور کہا ربا کے حرام ہونے میں کوئی شک نہیں ۔ حکومت ملک میں اسلام کا نفاذ چاہتی ہے۔