Thursday, May 2, 2024

پنجاب میں میٹرک نتائج کا اعلان !!! 70فیصد بچے پاس !! لاہور بورڈ کی تینوں پوزیشنیں ڈویژنل پبلک سکول کی طالبات لے اڑیں

پنجاب میں میٹرک نتائج کا اعلان !!! 70فیصد بچے پاس !! لاہور بورڈ کی تینوں پوزیشنیں ڈویژنل پبلک سکول کی طالبات لے اڑیں
July 25, 2015
لاہور (92نیوز) پنجاب بھر کے امتحانی بورڈز نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا، 70 فیصد سے زائد بچے کامیاب، اس سال بھی لاہور بورڈ کے زیر انتظام میٹرک کے امتحانات میں لڑکیوں نے میدان مارلیا۔ پہلی تینوں پوزیشنیں ڈویژنل پبلک سکول کی طالبات کے نام رہیں۔ تفصیلات کے مطابق الحمرا ہال لاہور میں پنجاب بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے میٹرک کے رزلٹ کا اعلان کیا گیا جس میں شفق زاہد نے ایک ہزار اسی نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ علینہ محسن نے ایک ہزار اناسی نمبر لیکر دوسری جبکہ عرا عابد، عائشہ نور اور محمد امتنان نے ایک ہزار اٹھہتر نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ لاہور بورڈ کا مجموعی رزلٹ ستر اعشایہ اٹھارہ فیصد رہا ۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ بانوے ہزار آٹھ سو چوالیس طلبہ نے امتحانات میں حصہ لیا جن میں سے ایک لاکھ پینتیس ہزار تین سو چھتیس کامیاب قرار پائے۔ ایم این اے حمزہ شہباز کی عدم شرکت پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ گوجرانوالہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت ہونے والے سالانہ امتحان میں کل ایک لاکھ 78 ہزار 949 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے ایک لاکھ 28 ہزار 377 امیدوار کامیاب ہوئے۔ نتیجے کا تناسب 71.74 فیصد رہا۔ مجموعی طور پر سیٹلائٹ ٹاون کے حافظ خضر مبین نے 1078 نمبر لے کر پہلی، ایم حماد اعجاز اور ردا شوکت نے 1073 نمبر لے کر دوسری اور محمد عمائد مرتضی نے 1071 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ گوجرانوالہ بورڈ آف انٹر میڈئٹ کے سالانہ امتحان میں آرٹس گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم علی حمزہ کا تعلق انتہائی غریب گھرانے سے ہے جو لوگوں کی امداد کے علاوہ محنت مزدوری کر کے والدین کی کفالت اور پڑھائی کے اخراجات پورے کرتا ہے۔ علی حمزہ نے بورڈ آف انٹر میڈئٹ کے سالانہ امتحان 2015ءمیں 1003 نمبر حاصل کر کے آرٹس گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔