Sunday, September 8, 2024

پنجاب میں مہم ریچ ایوری ڈور کے دوران ایک کروڑ 30 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل

پنجاب میں مہم ریچ ایوری ڈور کے دوران ایک کروڑ 30 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل
December 1, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب حکومت نے کورونا ویکسی نیشن مہم کے دوران ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ پنجاب میں 12 روزہ خصوصی مہم ریچ ایوری ڈور کے دوران ایک کروڑ 30 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کر لیا گیا۔

وزیراعلیٰ آفس میں ویکسی نیشن مہم میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور عملے کے اعزاز میں خصوصی تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارتقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ عثمان بزدار نے افسروں اور عملے کو شیلڈز دیں۔ انہوں نے کورونا ویکسی نیشن کا ہدف پورا کرنے پر متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ اور عملے کی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے آج سے ریچ ایوری ڈور مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا جس کے مطابق مزید دو کروڑ سے زائد شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ دوسرا مرحلہ 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔ یقین ہے کہ تمام ڈیپارٹمنٹس، ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیمیں دوسرے مرحلے کی کامیابی کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی ۔