Friday, March 29, 2024

پنجاب میں مزید انہتر افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

پنجاب میں مزید انہتر افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق
April 2, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب میں کورونا کی رفتار مزید تیز ہوگئی، مزید انہتر مریضوں میں وائرس کی تصدیق کردی گئی، صوبے میں کنفرم کیسز کی تعداد نو سو چودہ ہو گئی، دوسری جانب لاک ڈاؤن اور دفعہ ایک سو چوالیس پر عملدرآمد کروانے کے لئے جگہ جگہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر شہریوں نے شام پانچ بجے دکانیں بند کر دیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید پنجے گاڑھ لئے، انہتر نئے مریضوں کے ساتھ صوبہ بھر میں موذی مرض میں مبتلا افراد کی تعداد نو سو چودہ ہو گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اکیس نئے کیسز سے مریضوں کی تعداد ایک سو ننانوے تک پہنچ گئی۔ رائیونڈ قرنطینہ سنٹر میں کورونا وائرس کے پینتیس نئے کیسز سامنے آنے سے تعداد ایک سو بیالیس ہوگئی۔ دوسری جانب پولیس اور رینجرز کی جانب سے لاک ڈاؤن اور دفعہ ایک سو چوالیس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے، چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید حماد عابد نے اڑتالیس اضافی سینئر وارڈنز،سینتالیس وارڈنز اور سات کانسٹیبلز کو تعینات کر دیا۔ ادھر دکانیں بند کرنے کے حوالے سے پنجاب حکومت کے نئے احکامات پر شہریوں نے عملدرآد شروع کر دیا، لاہور میں دکانداروں نے شام پانچ بجتے ہی دکانیں خود بند کر دیں اور گھروں کو واپس چلے گئے۔ موذی مرض سے بچنے کے لئے مولانا طاہر اشرفی نے شہریوں کو گھروں میں نماز پڑھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکورونا وائرس جان لیوا وباء ہے اس لئے جمعہ کے اجتماع سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دین کے احکامات میں وسعت ہے تنگی نہیں۔