Friday, May 17, 2024

پنجاب میں مزید 2789 مریض موذی مرض کورونا کا شکار ہوگئے

پنجاب میں مزید 2789 مریض موذی مرض کورونا کا شکار ہوگئے
April 1, 2021

لاہور (92 نیوز) پنجاب میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگی، مزید 2789 مریض اس موذی مرض کا شکار ہوگئے۔ وزیراعلیٰ آفس کے بھی دو ملازمین موذی مرض سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔

پنجاب میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگی۔ مزید 2789 نئے مریض اس موذی مرض کا شکار ہو گئے، پنجاب میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 223,181  ہو گئی ہے۔

کورونا کی وجہ سے ایک ہفتے کے دوران وزیراعلیٰ آفس کے دو ملازمین جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 10 سے زائد ملازمین میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری جانب بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی اس موذی مرض سے متاثر ہو رہےہیں،پنجاب میں اب تک 19367 بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹر کہتے ہیں والدین احتیاط کریں کورونا کی تیسری لہر کے دوران نہ صرف بچے اس سے متاثر ہو رہے ہیں بلکہ متاثرہ بچے کورونا پھیلانے کا باعث بھی بن رہے ہیں۔

دوسری جانب کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ماسک نہ پہننےوالوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں بغیر ماسک کے گھومنے والے 407 جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 438 مقدمات درج کیے گئے۔