Friday, May 17, 2024

پنجاب میں مزید 193 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق

پنجاب میں مزید 193 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق
October 12, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) پنجاب میں مزید 193 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ سب سے زیادہ 153 کیسز راولپنڈی سے رپورٹ ہوئے۔ موسم بدل گیا لیکن ڈینگی کے حملے جوں کے توں ہیں۔ ایک مچھر نے شہریوں کے ناک میں دم کر رکھا ہے۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا کوئی بھی علاقہ ڈینگی کے ڈنگ سے نہ بچ سکا۔ جڑواں شہروں میں ڈینگی مچھر نے سب سے زیادہ شکار کئے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں مزید 154 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص کے بعد تعداد 7 ہزار 736 ہو چکی ہے۔ جڑواں شہروں میں اب تک ڈینگی سے متاثرہ 42 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید 193 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ لاہور میں 14 نئے کیسز سامنے آئے۔ فیصل آباد، ملتان، اٹک، بھکر،،بہاولنگر، سرگودھا، سیالکوٹ، لیہ، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، گجرات، گوجرانوالہ، جھنگ، ساہیوال، میانوالی سمیت متعدد شہروں میں درجنوں افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔ پنجاب میں رواں برس ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 ہزار 173 تک پہنچ چکی ہے۔ ادھر کراچی میں گزشتہ چویبس گھنٹوں کے دوران مزید 153 کیسز میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی جس کے بعد شہر قائد میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4721 ہو گئی ہے۔ کراچی میں اب تک سولہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ پشاور سمیت مختلف شہروں میں مریضوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ صرف پشاور میں دو ہزار سے زائد افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔