Sunday, May 12, 2024

پنجاب میں مزارات اور سینما ہال کو 2 ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں مزارات اور سینما ہال کو 2 ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ
March 12, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے انسدادِ کورونا کا اہم اجلاس ہوا، کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارتشویش کیا گیا، لاہور سمیت مخصوص شہروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں، جشن بہاراں اور دیگر عوامی اجتماعات پر 2 ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں لاہور اور دیگر شہروں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔

کوروناٹیسٹوں کی 5 فیصد سے زائد مثبت شرح والے شہروں میں عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

لاہور سمیت مخصوص شہروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں،جشن بہاراں اور دیگر عوامی اجتماعات پر 2 ہفتے کے لیے پابندی لگا دی گئی، شادی ہالز اور مارکیز میں شادیاں کرنے پر دو ہفتے کی پابندی لگا دی گئی۔

مارکیٹس اور بازار مغرب تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، دودھ، دہی کی دکانیں، میڈیکل سٹورز اور تندورو کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ریسٹورنٹس سے صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی، مزارات اورسینما ہال بھی دوہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پارکس کوشام چھ بجے کے بعد بندکردیاجائے گا، دفاتر میں 50 فیصد سٹاف کے ساتھ کام کی اجازت،50 فیصد سٹاف ورک ایٹ ہوم کرے گا۔ پبلک ٹرانسپورٹ خصوصاً میٹرو بس سروس اوراورنج لائن میٹروٹرین کیلئے مسافروں کی تعداد ایس او پیز کے مطابق محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔