Friday, April 19, 2024

پنجاب میں مالی امداد کی تقسیم کی خود نگرانی کر رہا ہوں ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار

پنجاب میں مالی امداد کی تقسیم کی خود نگرانی کر رہا ہوں ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار
April 21, 2020
ٹوبہ ٹیک سنگھ (92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا پنجاب میں مالی امداد کی تقسیم کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کورونا کا پھیلاؤ روکنے اور احساس کفالت پروگرام کی مانیٹرنگ میں پیش پیش ہیں۔ عثمان بزدار نے پوسٹ گریجوایٹ ڈگری کالج برائے خواتین ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مالی امداد کی تقسیم کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں پناہ گاہ کا افتتاح بھی کیا اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اب تک سولہ شہروں کے دورے کرچکا ہوں، کورونا کے ساتھ گندم خریداری اور انسداد ڈینگی پر بھی توجہ ہے۔ رمضان المبارک میں رمضان پیکیج کے تحت مستحق افراد کو براہ راست مالی امداد دیں گے۔ عثمان بزدار نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ممتاز سیال اور ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر فائزہ سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے کہا کورونا وباء کے دوران دکھی انسانیت کی خدمت کرنے پر ڈاکٹر ممتاز سیال اور ڈاکٹر فائزہ شاباش کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ نے گوجرہ میں رکن پنجاب اسمبلی بلال اصغر سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا مغفرت اور ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔