Sunday, September 8, 2024

پنجاب میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد دوبارہ سختی کئے جانے کا امکان

پنجاب میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد دوبارہ سختی کئے جانے کا امکان
May 25, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اب دوبارہ سختی کیے جانے کا امکان ہے، ذرائع کےمطابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو صوبہ بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دے دی گئی ہے۔

پنجاب حکومت کا اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کو تبدیل کرنے پر غور جاری ہے ، ذرائع کےمطابق کورونا وائرس کے باعث اسٹبلشمنٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو مکمل لاک ڈاون کی تجویز دے دی گئی ہے ۔

اس حوالے سے بدھ کے روز پنجاب کے بڑے سر جوڑ کر بیٹھیں گے،عید کے بعد مارکیٹوں کے اوقات کا مسئلہ زیر غور آئے گا ، شاپنگ مالز اور مارکیٹیں رات دس بجے تک کھلی رہیں گی یا نہیں اس حوالے سے دو روز بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں پردیسیوں کی اپنے شہروں سے لاہور آمد کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کی جائے گی، جبکہ عید کے بعد بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کے حوالے سے بھی حکمت عملی بنائی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے بڑوں کے اجلاس میں لاک ڈاؤن میں شہریوں کی نقل وحرکت کو محدود کرنے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔