Sunday, May 5, 2024

پنجاب میں قتل کے نو مجرموں کو پھانسی، دو قیدیوں کی پھانسی مؤخر، سیالکوٹ اور گوجرانوالا میں بھی ایک ایک مجرم کی سزائے موت پر عملدرآمد

پنجاب میں قتل کے نو مجرموں کو پھانسی، دو قیدیوں کی پھانسی مؤخر، سیالکوٹ اور گوجرانوالا میں بھی ایک ایک مجرم کی سزائے موت پر عملدرآمد
June 16, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پنجاب کی مختلف جیلوں میں آج نو مجرموں کو تختہ دار پر چڑھا  دیا گیا۔ سزائے موت کے دو مجرموں کی پھانسی مؤخر جبکہ ایک مجرم مدعی سے صلح ہونے پر پھانسی سے لٹکنے سے بچ گیا۔ فیصل آباد کی سنٹرل جیل میں خاتون کے قاتل اللہ دتہ اور تین افراد کو قتل کرنے والے مجرم یونس کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا، اسی جیل میں قتل کے مجرم ذوالفقار کی پھانسی سے چند منٹ قبل مدعی سے صلح ہو گئی اور سزا پر عملدرآمد روک دیا گیا۔ بہاولپور سنٹرل جیل میں خاتون سمیت تین افراد کے قاتل غلام رسول اور ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص کو قتل کرنے والے مجرم اصغر کو پھانسی دی گئی۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قتل کے مجرم مختار احمد کو پھانسی دی گئی جبکہ ایک  مجرم خضرحیات کی پھانسی حکم امتناعی آنے پر مؤخر کردی گئی۔ ڈیرہ غازی خان سنٹرل جیل میں بھتیجے کے قاتل مجرم اصغر کو پھانسی دے دی گئی۔ جہلم کی ڈسٹرکٹ جیل میں رشتہ کے تنازع پر مخالف کو قتل کرنے والے سابق ٹریفک ہیڈ کانسٹیبل عبدالرؤف کو پھانسی دی گئی۔ سیالکوٹ کی ڈسٹرکٹ جیل میں تین افراد کے قاتل بشارت کو پھانسی دی گئی، گوجرانوالہ سنٹرل جیل میں بارہ سالہ لڑکی سے زیادتی کے مجرم اشرف کو پھانسی دی گئی جبکہ تین افراد کے قتل کے مجرم سعید کی پھانسی ایک مدعی کی جانب سے صلح ہونے پر مؤخر کر دی گئی۔