Tuesday, May 14, 2024

پنجاب میں عوام کی لا پرواہی ، کورونا نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی

پنجاب میں عوام کی لا پرواہی ، کورونا نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی
August 15, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب میں عوام کی لا پرواہی  کے باعث کورونا نے پھر خطرے کی گھنٹی بجائی، مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا جس کے باعث کورونا پھیلنے کا خطرہ ہے، محکمہ صحت نے انتظامیہ اور پولیس کو خط میں توجہ دلائی،ادھر این سی او سی کے مطابق ملک میں24گھنٹے میں 747 کیسز رپورٹ جبکہ 9مریض جاں بحق ہوئے۔

پنجاب میں شہریوں نے کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑادیں، ایک بار پھر وائرس پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے ڈی سی اوز اور آر پی اوز کو خط لکھ کر احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کا مطالبہ کردیا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مراسلے میں کہا گیا احتیاط نہ کرنے پر بڑی تعداد میں کورونا کیسز سامنے آسکتے ہیں، پبلک مقامات پر چہرے کو ڈھانپنے اور اصولوں کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔

پنجاب بھر کی مارکیٹوں پر غور کیا جائے تو نظر آتا ہے کہ کہیں بھی ایس او پیز پر عمل نہیں ہورہا اور لوگوں کی اکثریت ماسک کے بغیر گھوم رہی ہے۔

پی ایم اے کے رہنما ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا ہے شہری خود احتیاط کریں، حکومت کو چاہئے جہاں زیادہ لوگ جمع ہوں وہاں ایس او پیز پر عمل کرائے جبکہ تاجر رہنما نعیم میر کہتے ہیں شہری ماننے کو تیار ہی نہیں کہ کورونا موجود ہے۔

پاکستان میں24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 747 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 9 افراد جان کی بازی ہار گئے، 2 لاکھ  65 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 16 ہزار 261 رہ گئی۔