Friday, March 29, 2024

پنجاب میں شدید دھند کے ڈیرے، حد نگاہ کم ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہا

پنجاب میں شدید دھند کے ڈیرے، حد نگاہ کم ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہا
December 17, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پنجاب میں تیسرے روز بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ حد نگاہ کم ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔

علی الصبح صوبائی دارالحکومت لاہور میں دھند کی چادر تنی تو سورج کی کرنوں کی زمین تک رسائی مشکل ہو گئی۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے رنگ روڈ اور موٹروے کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا رہا۔

ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا اور اندرون و بیرون ملک پروازوں کی آمد و روانگی منسوخ کر دی گئی۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جانے والی 25 جبکہ آنے والی 20 پروازیں متاثر ہوئیں۔ ریلوے حکام کی جانب سے مختلف شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرینیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔

سیالکوٹ میں شدید دھند نے ڈیرے ڈال لیے جبکہ گوجرانوالہ میں بھی حد نگاہ انتہائی کم رہی۔ نارووال میں صبح سویرے دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ ملکوال اور گردو نواح میں حد نگاہ 10 میٹر سے کم رہی۔ شکر گڑھ اور کرتارپور میں بھی ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔ عارف والا بھی دھند کی لپیٹ میں رہا۔ چونیاں میں حادثات سے بچنے کے لیے الہ آباد دیپالپور روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

پاکپتن، حجرہ شاہ مقیم، رینالہ خورد، الہ آباد، بصیرپور اور پھالیہ میں بھی دھند نے ڈیرے ڈال لیے۔ مریدکے میں رات گئے شدید دھند میں ڈاکو وارداتیں کرتے رہے اور فائرنگ سے کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔