Friday, April 26, 2024

پنجاب میں شدید دھند !!! ٹریفک حادثات میں 5افراد جاں بحق‘ موٹر وے بند

پنجاب میں شدید دھند !!! ٹریفک حادثات میں 5افراد جاں بحق‘ موٹر وے بند
December 7, 2015
لاہور (92نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند سے حادثات میں پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 13 افراد زخمی ہو گئے۔ دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا‘ موٹر وے بھی بند رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں نہ ہونے کے باعث دھند میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح سویرے دھند کا راج رہا‘ دھند کے باعث حادثات میں بھی اضافہ ہو گیا۔ بھکر ایم ایم عالم روڈ چاندنی چوک کے قریب گنے سے لوڈ ٹرالی کے عقب میں کا ر گھس گئی جس کے باعث چار افراد موقع پر دم توڑ گئے۔ قصور اور اس کے گردونواح میں شدید دھند چھائی رہی جس کے باعث ضلع بھر میں مختلف مقامات پر حادثات میں تیرہ افراد زخمی ہو گئے جبکہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ شدید دھند کے باعث ملتان روڈ اور پتوکی روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ پنجاب میں دھند کی وجہ سے سکول ،دفاتر اور دیگر اداروں میں جانے والوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور سڑکو ں پر ٹریفک بھی انتہائی سست روی کا شکار رہی۔ اسی طرح لاہور ایئر پورٹ پر مختلف پروازوں کا رخ دیگر شہروں کی طرف موڑ دیا گیا۔ پی آئی اے کی کوالالمپور سے آنیوالی پرواز کا رخ سیالکوٹ کی طرف موڑ دیا گیاجبکہ مسقط سے آنے والی پرواز بھی سیالکوٹ بھیج دی گئی۔ اسی طرح گلف ائیرلائن کی پرواز لاہور سے جدہ روانہ نہ ہو سکی۔ دھند کے باعث لاہور اسلام آباد موٹر وے بھی بند رہی۔