Saturday, April 27, 2024

پنجاب میں سینیٹ کی دو نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ شروع

پنجاب میں سینیٹ کی دو نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ شروع
November 15, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب میں سینیٹ کی دو نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ شروع ہو گئی۔ جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ولید اقبال اور ن لیگ کے سعود مجید مد مقابل ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشست پر سیمی ایزدی اور سائرہ افضل تارڑ آمنے سامنے ہیں۔ ن لیگی سینیٹرز سعدیہ عباسی اور ہارون اختر کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی پنجاب سے سینیٹ کی دو نشستوں پرانتخاب آج پنجاب اسمبلی میں ہو رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ پنجاب اسمبلی کو پولنگ سٹیشن کا درجہ دے دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کے ارکان حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ صوبائی الیکشن کمشنر ظفر حسین ریٹرننگ افسر ہونگے۔ سینیٹ انتخاب کیلئے پولنگ صبح نو بجے سے شام چار بجے تک ہو گی۔ پنجاب اسمبلی کے ہر رکن کو دو دو بیلٹ پیپرز دئیے جائیں گے۔ سینیٹ الیکشن کے لیے ایک ہزار بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔ ارکان کیلئے ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ حلوہ پوری، کباب اور دیگر مزے مزے کے پکوان شامل ہیں۔