Monday, September 16, 2024

پنجاب میں سوگ، سرکاری عمارتوں پر پرچم سر نگوں

پنجاب میں سوگ، سرکاری عمارتوں پر پرچم سر نگوں
February 14, 2017

لاہور (92نیوز) پنجاب اسمبلی کے سامنے خودکش دھماکے میں پولیس افسروں سمیت تیرہ افراد شہید ہونے پر پنجاب بھر میں سوگ۔ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔ دھماکے کا مقدمہ  تھانہ سی ٹی ڈی بیدیاں روڈ میں درج کر لیا گیا جبکہ حملہ آور کےاعضا فرانزک لیبارٹری بھیج دیے گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ ادھر تاجر آج مارکیٹیں اور دکانیں بند رکھیں گے لیکن میڈیکل سٹورز مالکان نے شٹر ڈاؤن ہڑتال ختم کر دی۔ اسپتالوں کے باہر میڈیکل سٹور کھلے اور باقی علاقوں میں بند رہیں گے۔

گزشتہ روز شہر میں معمول کی گہماگہمی جاری تھی، شام ڈھلنے کو تھی کہ اچانک مال روڈ پر زوردار دھماکہ ہوا اور بھگدڑ مچ گئی۔ ہر طرف چیخ و پکار تھی۔ دھماکے کے وقت سی سی پی او لاہور امین وینس، ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین اور قائم مقام ڈی آئی جی آپریشنز ایس ایس پی زاہد نواز گوندل جائے وقوعہ کے قریب پولیس نفری کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈی آئی جی ٹریفک احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد گوندل دھماکے کی زد میں آکر شدید زخمی ہوئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ افسوسناک واقعے میں 13افراد شہید جبکہ 80 زخمی ہوئے۔