Sunday, September 8, 2024

پنجاب میں سوائن فلوسے ہلاکتوں کی تعداد18تک پہنچ گئی

پنجاب میں سوائن فلوسے ہلاکتوں کی تعداد18تک پہنچ گئی
January 22, 2016
لاہور(92نیوز)پنجاب میں سوائن فلو سے ہلاکتوں کی تعداد اٹھارہ تک پہنچ گئی ہے جبکہ ترپن سے زائد افراد میں اس جان لیوا وائرس کی تشخیص کو ماہرین نے بہت بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے شہریوں کو مکمل احتیاط کی تلقین کر دی۔ تفصیلات کےمطابق حکمرانوں اور سرکاری اہلکاروں کی طرف سے بلندوبانگ دعوے تو بہت کیے جا رہے ہیں لیکن سوائن فلو کا جن ہے کہ قابو میں ہی نہیں آرہا اس موذی وائرس سے صوبائی دارالحکومت میں اب تک پانچ ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس وائرس کا شکار ترپن مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت کے دعوؤں کے مطابق اس وائرس سے بچاﺅ کے اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں بیرون ملک سے ویکسین بھی منگوا لی گئی ہے جو سٹورز پر باآسانی دستیاب ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق لوگ منہ پر ماسک، ہاتھوں میں دستانے استعمال کرتے ہوئے سوائن فلو سے متاثرہ مریض سے ہرقسم کا میل جول ترک کردیں۔ طبی ماہرین نے سوائن فلو کے پھیلاؤ پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے تعاون کے بغیر اس جان لیوا وائرس کو شکست دینا ممکن نہیں عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تو اس کے پھیلاﺅ کو روکا جا سکتا ہے۔