Sunday, September 8, 2024

پنجاب میں سوائن فلو کے مزید دو مریض دم توڑ گئے‘ ہلاکتیں 16 ہو گئیں

پنجاب میں سوائن فلو کے مزید دو مریض دم توڑ گئے‘ ہلاکتیں 16 ہو گئیں
January 18, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب میں سوائن فلو سے ہلاکتوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ لاہور میں موذی بیماری کے ہاتھوں دو مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبہ بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے۔ موذی مرض سے متاثرہ اکسٹھ سالہ سید محمد ممتاز اور پچپن سالہ حمیدہ بی بی شیخ زید ہسپتال میں کئی روز سے زیر علاج تھے جہاں دونوں دم توڑ گئے۔ شہر کے ہسپتالوں میں اس حوالے سے خصوصی وارڈز بھی بنائے گئے ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک 16 افراد سوائن فلو کے ہاتھوں موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ صوبے کے مختلف ہسپتالوں اس وقت انتالیس مریض زیر علاج ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سوائن فلو کی علامات بھی عام انفلوئنزا کی طرح ہیں۔ کھانسی‘ زکام‘ بخار‘ تھکاوٹ کا احساس اور کھانے پینے سے دل کا اچاٹ ہو جانا سوائن فلو کی اہم علامتیں ہیں جبکہ مریض کے گلے میں درد اور متلی بھی ہونے لگتی ہے۔ ایسی علامات کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔