Sunday, September 8, 2024

پنجاب میں سردی کی پہلی بارش‘ موسم خوشگوار‘ خیبرپختونخوا میں بونداباندی

پنجاب میں سردی کی پہلی بارش‘ موسم خوشگوار‘ خیبرپختونخوا میں بونداباندی
January 12, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے اکثرشہروں میں آج برسنے والے بادلوں سے نہ صرف سردی میں اضافہ ہو گیا بلکہ خوشگوار موسم سے شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد‘ سرگودھا‘ ملتان‘ جہانیاں‘ کبیر والا‘ مظفرگڑھ‘ گوجرہ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ کشمور اور چارسدہ میں بھی بادل برسے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مزید بارش ہوگی‘ بجلی چمکے گی اور سرد ہوائیں بھی چلیں گی۔ کشمور‘ چارسدہ شہر اور گردونواح میں بونداباندی نے سردی کی شدت بڑھا دی ہے۔ جھنگ اور گردونواح میں سردیوں کی پہلی بارش ہوئی۔ جھنگ میں سردی میں اضافہ ہوتے ہی لنڈا بازار کی رونقیں بحال ہو گئیں اور لوگوں کی کثیر تعداد نے بازاروں کا رخ کیا۔ بارش کے باعث جھنگ کے علاقہ تھانہ مسن کے قریب رکشا سلپ ہو کر الٹ گیا جس سے خاتون جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سردی بڑھنے سے سڑکیں سنسان ہو گئیں اور سردی سے بچنے کے لیے لوگ اپنے گھروں میں ہی موجود ہیں۔ موسم سرما کی اس پہلی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جس سے مونگ پھلی او ر خشک میوہ جات کی خریداری میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ میاں چنوں اور گوجرہ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں موسلادھاربارش ہو رہی ہے۔ قلات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ریکارڈ کیا گیا۔