Thursday, September 19, 2024

پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آئی، مقصد تمام دہشتگردوں کا خاتمہ ہے: رانا ثنا اللہ

پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آئی، مقصد تمام دہشتگردوں کا خاتمہ ہے: رانا ثنا اللہ
April 1, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں جاری آپریشن میں تیزی آئی ہے، دہشتگرد گلی محلوں میں چھپے ہوئے ہیں۔ دہشتگردوں کو معاشرے اور صوبے سے نکالے جانے تک آپریشن جاری رہے گا۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا مقصد بھی یہی ہے کہ آخری دہشتگرد تک سب کو ختم کیا جائے۔ پولیس اور سی ٹی ڈی اپنے پروگرام ترتیب دیکر آپریشن کر رہے ہیں۔ شہری بھی گردونواح پر نظر رکھیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں آپریشن میں تیزی آئی ہے۔ گلی محلوں میں چھپے دہشتگردوں کو نکالنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ درندوں سے ووٹ بینک جیسی گھٹیا سوچ نہیں رکھنی چاہئے۔ دہشت گرد پکڑے جانے کے بعد اس سے رابطے میں رہنے والے ہر شخص کی انکوائری ہوتی ہے۔