Monday, September 16, 2024

پنجاب میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہ نہیں ہے : صوبائی وزیر قانون

پنجاب میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہ نہیں ہے : صوبائی وزیر قانون
March 29, 2016
لاہور (92نیوز) وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی نو گو ایریا نہیں۔ پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ انٹیلی جنس کی اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیے جا رہے ہیں۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نہیں چھوڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بڑی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کر رہے ہیں۔ فورتھ شیڈول میں شامل ساڑھے پندرہ سو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ تمام مدارس کی جیو ٹیگنگ کی گئی ہے۔ ہم جانتے ہیں کس مدرسے میں کتنے طالبعلم ہیں۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ پوری قوم بھی پرعزم ہے کہ دہشت گردوں کو پاک دھرتی سے نیست ونابود کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے لیے کوئی پناہ گاہ نہیں ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں پہلے بھی مشترکہ کارروائیاں ہوتی رہی ہیں۔