Friday, April 26, 2024

پنجاب میں دھند پڑتے ہی حادثات رونما ہونے لگے

پنجاب میں دھند پڑتے ہی حادثات رونما ہونے لگے
December 4, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب میں دھند پڑتے ہی حادثات رونما ہونے لگے۔ مختلف واقعات میں درجنوں گاڑیاں ٹکرا گئیں۔

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ قومی شاہراہ پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے لاہور اسلام آباد موٹروے بند کر دی گئی تاہم بعد میں کھول دی گئی۔ سیالکوٹ موٹروے پر شدید دھند کے باعث چار گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے سات افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تمام زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا۔

علی الصبح فیض پور انٹر چینج پر بھی متعدد گاڑیوں میں تصادم ہوا۔ ریسکیو کے مطابق شدید دھند کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے نو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد میو اسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ موٹروے پر آپس میں ٹکرانے والی گاڑیوں میں پولیس وین، کاریں اور مسافر کوچز بھی شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور شام کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔