Saturday, April 20, 2024

ملک بھر میں دھند، بارش، برفباری کا سلسلہ جاری

ملک بھر میں دھند، بارش، برفباری کا سلسلہ جاری
January 18, 2017

لاہور (92نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور بالائی پہاڑی علاقوں میں سفید گالوں کی برسات نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند چھائی رہی۔ آج بھی برف باری اور بارش کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کہیں برفباری تو کہیں بارش تو کچھ شہروں پر دھند چھائی رہی۔ ملک کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں موسم شدید سرد ہوگیا۔ اس ہفتے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اٹک اوراس کے گردونواح میں سیاہ بادل خوب جم کر برسےتو مالاکنڈ میں بھی بارش نے خوب رنگ دکھایا۔

فیصل آباد میں بھی بوندا باندی کےبعد سردی بڑھ گئی ہے۔ ملکہ کوہسار میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مری میں اب تک ایک فٹ دس انچ برف پڑ چکی ہے جبکہ ایوبیہ، نتھیاگلی اور گلیات میں بھی برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

کوٹلی ستیاں سمیت آزادکشمیر کے مختلف علاقوں پر بھی سفید گالوں کی برسات جاری ہے جس کے بعد رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ راستے بند ہونے پر شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ادھر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں پر دھند چھائی رہی۔ حد نگاہ صفر ہونے کے بعد موٹروے اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔