Friday, April 19, 2024

پنجاب میں دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کیلئے سہولیات کا فقدان

پنجاب میں دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کیلئے سہولیات کا فقدان
October 26, 2018
لاہور (92 نیوز) پنجاب میں دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کیلئے سہولیات کا فقدان ہے۔ پورے صوبے میں صرف تین اسپتالوں میں کارڈیالوجی وارڈ تو موجود ہیں مگر وہاں ڈاکٹروں کی کمی کا سامنا ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں دل کے مریض بچوں کیلئے صحت کی سہولیات کا برا حال ہے۔ پورے صوبے کے امراض قلب میں مبتلا بچوں کیلئے صرف تین اسپتالوں میں وارڈز موجود ہیں۔ صرف چلڈرن اسپتال لاہورمیں ہی دل کی سرجری کی جاتی ہے۔ محض تین سرجن ہونے کی وجہ سے بچوں کو ہارٹ سرجری کیلئے تین تین سال سے زائد کا وقت دیا جاتا ہے۔ صوبے میں بچوں کے لئے دل کے تینوں اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی شدید قلت ہے۔ ان اسپتالوں میں سینتالیس اسامیوں پر صرف سترہ ڈاکٹر کام کر رہے ہیں۔ چلڈرن اسپتال فیصل آباد میں امراض قلب کے ڈاکٹرز کی سات اسامیوں میں سے پانچ خالی ہیں۔ چلڈرن اسپتال ملتان میں اسسٹنٹ ایسوسی ایٹ اور پروفیسرز کی پانچ اسامیوں پر تین ڈاکٹرز کام کر رہے ہیں جبکہ سب سے بڑے چلڈرن اسپتال لاہور میں بھی دل کے امراض کے ماہر ڈاکٹروں کی پینتیس میں سے بائیس آسامیاں خالی ہیں۔ تبدیلی سرکار کے سو روزہ پلان میں بھی دل کے امراض میں مبتلا ننھے بچوں کیلئے خاطر خواہ حکمت عملی نظر نہیں آرہی۔