Thursday, March 28, 2024

پنجاب میں درآمد شدہ چینی کی سرکاری نرخوں پر فروخت شروع

پنجاب میں درآمد شدہ چینی کی سرکاری نرخوں پر فروخت شروع
November 5, 2020

لاہور(92 نیوز) پنجاب میں درآمد شدہ چینی کی سرکاری نرخوں پر فروخت شروع کر دی گئی ۔  پہلی کھیپ25 ہزار میٹرک ٹن میں سے 13ہزار 800 میٹرک ٹن چینی اضلاع کو بھجوا دی گئی۔

صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت چیف سیکرٹری آفس میں اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں اشیاء ضروریہ بالخصوص آٹا اور چینی کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلا میں بریفنگ دی گئی کہ  سہولت بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں درآمد شدہ چینی کی سپلائی شروع کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے،اشیاء کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کیلئے صوبے میں سہولت بازاروں کے قیام سمیت دیگر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ڈیلرز کے ذریعے ریٹیل دکانوں پر درآمد شدہ چینی کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنائے، درآمد شدہ چینی کا فائدہ ہر صورت عام صارف تک پہنچنا چاہئے، درآمد شدہ چینی کی ذخیرہ اندوزی یا کمرشل استعمال کیلئے فروخت کسی صورت نہ ہو،ضلعی انتظامیہ محکمہ خوراک کو چینی سے متعلق اپنی ڈیمانڈ سے متعلق آگاہ رکھے۔